نئی دہلی، 23/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)نیٹ (قومی اہلیتی و داخلہ ٹیسٹ) کے انڈرگریجویٹ (یو جی) امتحان کے پیپر لیک معاملہ میں سی بی آئی نے جمعہ کو اپنی پانچویں ضمنی چارج شیٹ پیش کی۔ اس چارج شیٹ میں مزید 5 افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ اہم ملزم امت کمار سنگھ (بوکارو) کو سازش کا مرکزی کردار بتایا گیا ہے۔ سی بی آئی کے مطابق، امت کمار سنگھ نے پیپر لیک کرنے کی منصوبہ بندی کی اور اس کی تکمیل کو یقینی بنایا۔
ضمنی چارج شیٹ پٹنہ کی خصوصی سی بی آئی عدالت میں داخل کی گئی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ امت سنگھ کو پیپر لیک اور تقسیم میں سدیپ کمار و یوراج کمار (بوکارو)، ابھمنیو پٹیل (نالندہ) اور امت کمار (پٹنہ) کا ساتھ ملا۔ یہ سبھی ملزمین بہار اور جھارکھنڈ میں امیدواروں تک لیک پیپر پہنچانے میں شامل تھے۔
سی بی آئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس معاملے میں اب تک 45 ملزمین کو چارج شیٹ میں شامل کیا گیا ہے اور وہ سبھی عدالتی حراست میں ہیں۔ چارج شیٹ تعزیرات ہند کی دفعہ 120 بی (مجرمانہ سازش)، 109 (اُکسانا)، 409 (مجرمانہ دھوکہ)، 420 (دھوکہ دہی)، 380 (چوری)، 201 (ثبوت ختم کرنا)، 411 (چوری کی ملکیت رکھنا) اور انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعہ (2)13 و (A)(1)13 کے تحت داخل کی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے اس معاملے کی جانچ 23 جون کو شروع کی تھی جو ہنوز جاری ہے۔